Monday, August 8, 2016

کوئٹہ کے سول ہسپتال میں دھماکہ، ’69 افراد ہلاک‘


حسینی میڈیا پروڈکشن عزاداری نیٹ ورک - ٹیم

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ہونے والے دھماکے میں کم از کم 69 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ شدید زخمی ہونے والے 26 افراد کو کراچی منتقل کیا جا رہا ہے۔
یہ دھماکہ پیر کی صبح شہر کے سول ہسپتال کے شعبۂ حادثات کے داخلی دروازے کے باہر ہوا۔
سول ہسپتال کوئٹہ کے میڈیکل سپرنٹینڈنٹ عبدالرحمٰن نے بی بی سی کو بتایا کہ ہلاکتوں کی تعداد 69 ہے جبکہ 112 افراد زخمی ہوئے۔ 
ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سول ہسپتال کے چند سرجنز کو سی ایم ایچ کوئٹہ اور کراچی جانے والے مریضوں کے ساتھ روانہ کیا گیا ہے۔
کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے علیحدگی اختیار کرنے والے گروپ جماعت الاحرار کے ترجمان احسان اللہ احسان نے میڈیا سے رابط کر کے کوئٹہ میں وکیل رہنما کی ہلاکت اور بعد میں سول ہسپتال میں دھماکے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
دھماکے کے بعد وزیراعظم نواز شریف اور فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کوئٹہ پہنچ گئے ہیں جبکہ جنرل راحیل نے خفیہ ایجنسیوں کو ملک بھر میں شدت پسندوں کے خلاف کومبنگ آپریشن شروع کرنے کا حکم دیا ہے۔
جس وقت دھماکہ ہوا تو وہاں بلوچستان بار ایسوسی ایشن کے صدر بلال انور کاسی کی میت لائی گئی تھی جنھیں پیر کی صبح ہی کوئٹہ کے علاقے منوں جان روڈ پر نامعلوم افراد نے گھر سے عدالت جاتے ہوئے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا تھا۔ 
 صوبائی حکومت کے ترجمان کے مطابق دھماکے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں وکلا اور میڈیا کے نمائندے بھی شامل ہیں۔
دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور شہر کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔
پاکستانی فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کا کہنا ہے کہ دھماکے میں شدید زخمی ہونے والے افراد کو طیارے کے ذریعے کراچی منتقل کیا گیا ہے۔
کوئٹہ میں بی بی سی کے نمائندے محمد کاظم کے مطابق ہلاک شدگان میں سے کم از کم 18 وکلا ہیں جن میں بلوچستان بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر باز محمد کاکڑ بھی شامل ہیں۔
ہلاک ہونے والوں میں نجی ٹی وی چینل آج نیوز کے کیمرہ مین شہزاد یحییٰ خان اور ڈان نیوز کے کیمرہ مین محمود خان بھی شامل ہیں۔ 


بلوچستان کے وزیرِ داخلہ سرفراز بگٹی نے سرکاری ٹی وی کو بتایا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ خودکش دھماکہ تھا۔
بم ڈسپوزل سکواڈ کا کہنا ہے کہ اس دھماکے میں اندازاً آٹھ کلو دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا۔
سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان ثنا اللہ زہری نے اس واقعے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے اور 24 گھنٹے میں رپورٹ طلب کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تحقیقات کے دوران اس بات کا جائزہ بھی لیا جائے گا کہ جب ہسپتال میں اتنی بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوئے تو وہاں سکیورٹی کی صورتحال کیسی تھی۔
وزیرِ داخلہ نے کہا کہ اگر اس معاملے میں کوئی بھی غفلت پائی گئی تو متعلقہ افراد سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

No comments:

Post a Comment

Adam Driver leaves interview 'because he can't stand listening to himself'

Scarlett Johansson and Adam Driver star in Marriage Story  Many of us can't bear to listen to or watch recordings of ourselves. But...